لاہورکا حسن ، تاریخی ورثہ کی بحالی کیلئے 3 میگا پراجیکٹس منظور

منصوبوں پر8 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہونگے،فوری کام شروع کرنے کی ہدایت 
 لاہور( کرائم رپورٹر)مسلم لیگ ن کے صدر اور چیئرمین لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول(لہر )نوازشریف کی سربراہی میں سول  سیکرٹریٹ میں 4گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تاریخی ورثے کی بحالی وتحفظ کے لئے بڑے فیصلے کئے گئے۔لاہور کی خوبصورتی اور تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے 8 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد کے 3 میگا پراجیکٹس کی ابتدائی منظوری دیدی گئی۔نوازشریف نے ہدایت کی لاہور میں ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ ہے اس کو فوری حل کرنا چاہیے، ٹریفک کے بے ہنگم نظام سے بھی شہر کی خوبصورتی تباہ ہوئی، اندرون شہر خوبصورتی بحال کرنے کیلئے انڈرگرائونڈ پارکنگ سسٹم بنایا جاسکتا ہے، سرکلر منصوبے میں آنیوالی دکانوں کو متبادل جگہ اور معاوضہ دیا جائے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کسی غریب شخص کونقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں 3 بڑے پراجیکٹ کی ابتدائی منظوری دی گئی ،بھاٹی تاٹیکسالی تعمیرو مرمت و بحالی کیلئے 5ارب 39کروڑ 13لاکھ 58ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ،رنگ محل چوک تا سید مٹھا بشمول پانی والا تالاب پی سی ون کی بھی ابتدائی منظوری دی گئی ، اس منصوبے پر 1ارب 22کروڑ 72لاکھ 37ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔شاہ عالم چوک تا رنگ محل پراجیکٹ کے پی سی ون کی بھی ابتدائی منظوری دیدی گئی ،اس پراجیکٹ کا تخمینہ 1 ارب 65 کروڑ 23 لاکھ 12ہزار روپے لگایا ہے۔ تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے تینوں پراجیکٹ پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نوازشریف نے کہامیں پاکستان سے باہر جارہا ہوں، دس سے 12 روز تک واپس آجائونگا، واپسی پر پہلی میٹنگ اسی میٹنگ کے فالو اپ میں ہوگی۔نوازشریف نے کہا شائستہ پرویز ملک نے بہت اچھی تجاویز دی ہیں ان کی تجاویز کو ضرور شامل کریں۔انہوں نے کہا روڈا بہت اچھا کام کررہا ہے، جو نیا شہر بنانے جارہے ہیں وہ انٹرنیشنل معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری زاہد زمان، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری ،پرویز رشید، شائستہ پرویز ملک اور دیگر ممبران شریک ہوئے۔ اجلاس میں تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور ہٹانے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔نوازشریف نے تجاوزات کے متاثرین کو کاروبار کے لئے متبادل جگہ اور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی۔ نیلا گنبد ، سرکلر روڈ، باغیچیاں اور بدرو کو اصل حالت میں بحال کی بھی منظوری دیدی گئی۔