پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر اپنے پیغام میں عظیم صوفی شاعر کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاہ لطیف بھٹائیؒ کا لازوال پیغام آج بھی محبت، امن، رواداری اور انسانیت کی اقدار کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کے مطابق بھٹائیؒ کا کلام انسانیت کو برداشت، اتحاد، انکساری اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے نفرت، تشدد اور انتہاپسندی کو مسترد کریں اور معاشرے میں محبت، ہم آہنگی اور احترام کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ امن، باہمی رواداری اور سماجی ہم آہنگی پر مبنی صوفی روایات پاکستان کی حقیقی روح کی عکاس ہیں اور ان روایات کے تحفظ و فروغ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔