ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی بچیوں کے حوصلے، ہمت اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ "ہماری بیٹیاں ہمارا فخر اور مستقبل ہیں"، اور ہر بیٹی کو تعلیم، صحت، تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا پیپلز پارٹی کے مشن کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وژن قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کا خواب اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے کا تسلسل ہے۔بلاول کے مطابق، جب ایک بچی تعلیم یافتہ اور بااختیار ہوتی ہے تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بدلتی ہے بلکہ پوری قوم کی ترقی میں کردار ادا کرتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے عزم ظاہر کیا کہ پارٹی ایسا پاکستان بنائے گی جہاں ہر بیٹی کو سیکھنے، آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کی آزادی حاصل ہو۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ "قوم کا مستقبل اس کی بیٹیوں کی کامیابیوں میں جھلکتا ہے" اور پیپلز پارٹی کا وژن ایک ایسا پاکستان ہے جہاں ہر لڑکی آزادی اور برابری کے ساتھ اپنے خواب پورے کر سکے۔