پٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی، عوام کے ساتھ مذاق ہے: بیرسٹر سیف

پٹرولیم قیمتوں میں معمولی کمی، عوام کے ساتھ مذاق ہے: بیرسٹر سیف

پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو ناکافی اور عوام کے ساتھ مذاق قرار دے دیا ہے۔

ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں، صرف اپریل کے مہینے میں فی لیٹر کم از کم 20 روپے کمی ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ماہ اپریل میں دو مرتبہ قیمتیں کم نہ کرکے عوام کو ریلیف سے محروم کیا۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حالیہ 2 روپے فی لیٹر کمی "اونٹ کے منہ میں زیرے" کے مترادف ہے، اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خام تیل کی قیمتیں اب اس سطح پر پہنچ چکی ہیں جو پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تھیں، بلکہ اُس سے بھی کم ہیں۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں پیٹرول کی قیمت 150 روپے فی لیٹر تھی، جبکہ آج اس کی قیمت 252 روپے 63 پیسے ہے۔واضح رہے کہ حالیہ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 252.63 روپے اور ڈیزل کی قیمت 256.64 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔