رہائی پانے والوں میں بیشتر کم عمر فلسطینی شامل، خان یونس پہنچنے پر رہائی پانے والے فلسطینیوں کا شاندار استقبال کیا گیا
مذاکرات میں اسرائیلی، امریکی اور قطری وفود شریک،دوسرے مرحلے میں بقیہ 59اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہوگی
غزہ؍قاہر ہ (آئی این پی )غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل نے مزید 46فلسطینیوں کو رہا کر دیا، رہائی پانے والوں میں بیشتر کم عمر فلسطینی شامل ہیں۔ خان یونس پہنچنے پر رہائی پانے والے فلسطینیوں کا شاندار استقبال کیا گیا ۔دوسری جانب غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے لیے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس اوراسرائیل کے درمیان مذاکرات قاہرہ میں شروع ہو گئے ۔عرب میڈیا میدیا کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں مذاکرات میں اسرائیلی، امریکی اور قطری وفود شریک ہیں، مذاکرات کار معاہدوں پرعمل درآمداور فلسطین میں انسانی امداد کے طریقوں پربات کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں غزہ میں موجود بقیہ 59 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہوگی جن میں سے 24 کے ابھی تک زندہ ہونے کا اندازہ ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کے دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فوج غزہ سے باہر نکل جائے گی اور اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے مزید فلسطینی قیدی بھی رہا ہوں گے۔قاہرہ میں جاری مذاکرات سے متعلق اپنے بیان میں حماس کے سیاسی بیورو کے عہدیدار باسم نعیم نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں حماس کی شمولیت ضروری ہے اور ہم معاہدے عملدرآمد کے لیے پرعزم ہیں۔