آزاد کشمیر میں الیکشن کا پہلا مرحلہ مکمل‘میرپورڈویژن کے 13 حلقوں میں ن لیگ9‘پیپلز پارٹی4نشستوں پر کامیاب‘ انتخابات مکمل شفاف اورغیر جانبدار ہوئے:راناثناء اللہ

نوازشریف نے کامیاب انتخابی مہم چلائی شہبازشریف
کامیابی پر مبارکباد‘سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا جو جمہوری عمل کے کامیاب انعقاد کی نشانی ہے،  عوام اگلے مرحلے میں بھی اسی جوش و خروش سے حصہ لے کر جمہوری عمل کو کامیاب بنائیں:شہباز شریف 
 کامیاب امیدواروں کو مبارکباد،  کشمیر کے مسائل  حل کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے:رانا ثناء اللہ‘عوام سے کئے  تمام وعدے پورے کریں گے،آزاد کشمیر میں ترقی کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے: امیر مقام
مون سون اور سیلابی صورتحال میں تمام ادارے  ہنگامی تیاری برقرار رکھیں‘ موجودہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت اور ذخائر بڑھانے کے لئے  اپ گریڈیشن ناگزیر ہے:وزیراعظم  کی اجلاسوں میں گفتگو
مظفر آباد‘اسلام آباد(آئی این پی )آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن)نے  غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں9سیٹوں کے ساتھ   برتری حاصل کرلی  جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا 4سیٹوں کے ساتھ  دوسرا نمبر ہے۔ میرپورڈویژن کے 13 حلقوں کے مکمل غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج  کے مطابق 1 ڈڈیال میں اظہر صادق (مسلم لیگ ن)، ایل اے-2 چکسواری پر چوہدری قاسم مجید (پیپلز پارٹی)، ایل اے-3 میرپور سٹی میں یاسر سلطان (پیپلز پارٹی)، ایل اے-4 کھڑی شریف، چوہدری رخسار (مسلم لیگ ن)کوغیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار دیا گیا  ۔ضلع بھمبرمیں ایل اے-5 برنالہ پر کرنل (ر) وقار نور (مسلم لیگ ن) ایل اے-6 سماہنی پر چوہدری محمد رزاق (مسلم لیگ ن)اور ایل اے-7 بھمبرپر چوہدری طارق فاروق (مسلم لیگ ن) کامیاب قرار پائے ہیں۔ضلع کوٹلی  میں  ایل اے-8 راج محل پر ملک ظفر اقبال (پیپلز پارٹی)، ایل اے-9 نکیال پر عمیر نعیم (مسلم لیگ ن)، ایل اے-10 کوٹلی سٹی پر چوہدری یاسین (پیپلز پارٹی)، ایل اے-11 سہنسہ پر راجہ آصف (مسلم لیگ ن)، ایل اے-12 چڑھوئی پر راجہ ریاست (مسلم لیگ ن) اور ایل اے-13 کھوئی رٹہ میں راجہ ایاز خان (مسلم لیگ ن) قرار پائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے  انتخابات کے پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا  قائد مسلم لیگ  (ن ) میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا جو جمہوری عمل کے کامیاب انعقاد کی نشانی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام اگلے مرحلے میں بھی اسی جوش و خروش سے حصہ لے کر جمہوری عمل کو کامیاب بنائیں۔دریں اثناء مشیر وزیراعظم  سینیٹررانا ثنااللہ نے کہا ہے آزاد کشمیر میں الیکشن مکمل طور پر شفاف غیر جانبدار دار ہوا، کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجنئیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  کشمیر میں پہلے مرحلے کے الیکشن کا انعقاد ہوا، تیرہ سیٹوں پر حق رائے دہی استعمال کیا گیا،نتائج کے مطابق ابھی تک تیرہ میں سے نو نشستیں ن لیگ نے جیتی ہیں۔چار سیٹوں پر پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔مشیر وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ کامیاب ہونیوالے امیدوار آزاد کشمیر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کردار ادا کرینگے،۔اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں، یہ کامیابی صرف مسلم لیگ ن نہیں بلکہ ریاستی اداروں کی بھی کامیابی ہے۔مشکل حالات کے باوجود آزاد کشمیر میں انتخابات کا پرامن انعقاد خوش آئند ہے،کشمیری عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا‘علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں جاری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تیاری برقرار رکھنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے جائزہ اجلاس میں این ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حالیہ نقصانات، ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور مون سون کی صورتحال، متوقع بارشوں اور ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات تمام وفاقی و صوبائی اداروں تک بروقت پہنچائی جائیں‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پاکستان کے توانائی تحفظ (انرجی سیکیورٹی) کے جامع نظام کا ایک اہم ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔