سب کا انتخاب آپ کی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ہم سب اللہ تعالی اور عوام کی عدالت میں جواب دہ ہیں‘ ایک سال کے عرصے میں مہنگائی میں کمی، زر مبادلہ کے ذخائربہتر ہوگئے:کابینہ ارکان سے گفتگو
شرح نمو میں پائیدار بہتری کیلئے صنعت کار تجاویز دیں‘حکومت ملک میں صنعت و کاروبار کے فروغ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے:وفد سے گفتگو، صنعتکاروں اور وزرء ا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان کی کارکردگی کا میں خود باقاعدہ جائرہ لوں گا، عوامی نمائندوں کے طور پر آپ سب کی خدمات لائق تحسین ہیں۔وزیر اعظم سے نئے وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور مشیروں سے سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ کے نئے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا، ملاقات کے دوران ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نئے کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا آپ سب کا انتخاب آپ کی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ہم سب اللہ تعالی اور عوام کی عدالت میں جواب دہ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال کے عرصے میں مہنگائی میں خاطر خواہ کمی ہوئی، زر مبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، معاشی اعشارئیے آئندہ سالوں میں مزید بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھیں گے‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی شرح نمو میں پائیدار بہتری کے حوالے سے کاروباری شخصیات اور صنعت کاروں سے تجاویز مانگ لیں۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے کاروباری شخصیات، صنعت کاروں اور حکومتی وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں صنعت و کاروبار کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے؛ کاروباری برادری اور صنعت کار ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور انکو درپیش مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے۔