شہر کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں بجلی کی بدستور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کاروباری طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے اور روزمرہ کی تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہال روڈ، عابد الیکٹرونکس مارکیٹ اور فیروز پور روڈ سمیت شہر کی متعدد اہم مارکیٹوں میں غیر اعلانیہ اور بار بار کی بجلی بندش نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں ایک گھنٹہ بجلی آتی ہے اور پھر ایک گھنٹہ کے لیے بند ہو جاتی ہے، جس سے کاروبار چلانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔تاجر رہنماؤں کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لوڈشیڈنگ نے نہ صرف دکانوں میں کام کے ماحول کو متاثر کیا ہے بلکہ گاہکوں کی آمد بھی کم ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث نہ صرف کاروباری نقصان ہو رہا ہے بلکہ روزگار سے وابستہ افراد بھی پریشانی کا شکار ہیں۔تاجروں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ مارکیٹوں میں معمول کی کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں اور معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کم کیے جا سکیں۔