اسلام آباد میں آج سے مارکیٹس اور مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، تاہم میڈیکل اسٹورز اور اسپتالوں کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔اس کے علاوہ، شادی ہالز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے بند ہوں گے۔ اسی طرح، کریانہ، سبزی، پھل اور بیکری شاپس بھی رات 10 بجے بند کی جائیں گی۔دوسری جانب، کاروباری برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ ویک اینڈ اور سرکاری تعطیلات کے دوران کاروباری اوقات رات 12 بجے تک جاری رہنے کی اجازت دی جائے۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ کاروباری اوقات کو معاشی ترقی کے اہداف کے مطابق بنایا جائے، اور ریٹیل، ہاسپیٹیلٹی اور سروس سیکٹر کی معاونت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے معاشی توسیع اور صارفین کے اخراجات میں اضافے کے لیے کاروباری اوقات بڑھانے کی سفارش بھی کی ہے۔