بلوچستان میں نئے کاروباری اوقات کار نافذ، دکانیں رات 9 بجے بند ہوں گی

بلوچستان میں نئے کاروباری اوقات کار نافذ، دکانیں رات 9 بجے بند ہوں گی

بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے اوقات کار نئے سرے سے مقرر کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو منظم کرنا اور توانائی کے استعمال کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور عام بازار رات 9 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ اسی طرح شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات کو رات 10 بجے تک سرگرمی جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے اوقات کار رات 11 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ فارمیسیز، ہسپتالوں، کلینکس اور میڈیکل لیبارٹریز کو نئے اوقات کار سے مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔

 اسی طرح بیکریز، تنور اور دودھ و ڈیری شاپس بھی معمول کے مطابق کھلی رہ سکیں گی۔علاوہ ازیں پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ پوائنٹس کو بھی پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے تاکہ ایندھن اور توانائی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔اسی طرح جمنازیم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی استثنیٰ دیا گیا ہے تاکہ معاشی اور ڈیجیٹل سرگرمیوں پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔

حکام کے مطابق نئے اوقات کار کا اطلاق صوبے بھر میں فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔