بھارت: معمولی تنازع جان لیوا تشدد میں بدل گیا، نوجوان کے دونوں ہاتھ کاٹ دیے گئے

بھارت: معمولی تنازع جان لیوا تشدد میں بدل گیا، نوجوان کے دونوں ہاتھ کاٹ دیے گئے

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک پیٹرول پمپ پر معمولی جھگڑے کے بعد 28 سالہ نوجوان جیویندر سنگھ عرف وکی پر مبینہ طور پر کلہاڑی سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کے دونوں ہاتھ کلائیوں سے کٹ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ منگل کی رات تقریباً 11 بجے ایک پیٹرول پمپ کے باہر پیش آیا۔ متاثرہ نوجوان ایندھن بھروانے کے لیے وہاں پہنچا تھا کہ اس دوران جھگڑا ہو گیا۔ الزام ہے کہ جھگڑے کے بعد حملہ آوروں نے کلہاڑی سے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق حملے میں نوجوان کے دونوں ہاتھ تقریباً کلائیوں سے الگ ہو گئے، جبکہ اس کے سر اور ٹانگ پر بھی تیز دھار ہتھیار کے متعدد گہرے زخم آئے۔اطلاع ملنے پر اہلِ خانہ موقع پر پہنچے تو نوجوان خون میں لت پت پڑا تھا۔ اہل خانہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کی، جس کے بعد راہگیروں کی اطلاع پر پولیس نے زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نوجوان کی حالت تشویشناک ہے اور اس کے دونوں ہاتھ شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ سر اور ٹانگ کے زخموں کا بھی علاج جاری ہے۔متاثرہ خاندان نے حملے میں ایک مقامی سیاسی رہنما کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے، تاہم پولیس نے اس الزام کی تصدیق نہیں کی۔پولیس کے مطابق خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ پیٹرول پمپ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے کر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔