ہرارے: نوجوان اوپنر ویبھو سوریاونشی کی جارحانہ نصف سنچری، مینک یادو اور پرنس یادو کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارت نے زمبابوے کو پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
یہ شریاس ایّر کی بطور بھارتی ٹی20 کپتان پہلی فتح بھی ہے، جس کے ساتھ ان کی مسلسل سات میچوں پر محیط ناکامیوں کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ویسلے مدھیویرے نے 39 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، ریان برل نے 26 رنز بنائے جبکہ تڈیواناشے مارومانی 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان سکندر رضا زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 32 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر مینک یادو نے شاندار آغاز کرتے ہوئے میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ حاصل کی اور پاور پلے میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ انہوں نے 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پرنس یادو نے بھی 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شیوَم دوبے اور روی بشنوئی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے جارحانہ انداز اپنایا۔ 15 سالہ نوجوان اوپنر ویبھو سوریاونشی نے صرف 19 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 4 چوکے اور 4 چھکے لگائے اور زمبابوے کے بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ ایشان کشن نے 35 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان شریاس ایّر 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور تلک ورما نے 6 رنز بنا کر ٹیم کو 13.2 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔ویبھو سوریاونشی کو ان کی شاندار بیٹنگ پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ نوجوان بلے باز نے اپنی پہلی بین الاقوامی نصف سنچری اس انداز میں اسکور کی کہ وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں نصف سنچری بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے، جبکہ ان کی اننگز نے بھارت کو سیریز کا فاتحانہ آغاز دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔