دبئی: رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز اور بھارت اے کے درمیان اہم مقابلے کے دوران بھارتی نوجوان بیٹر ویبھو سوریاونشی امپائر سے ٹکرانے کے واقعے کے باعث خبروں کی زینت بن گئے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔میچ کے دوران پیش آنے والے اس واقعے میں 15 سالہ بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریاونشی اوور کے اختتام پر چلتے ہوئے فیلڈ امپائر سے ٹکرا گئے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس دوران بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہو رہی تھی اور امپائر کھلاڑیوں کو الگ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ویڈیو کے مطابق ویبھو سوریاونشی پہلے وکٹ کے قریب بھارتی کپتان تلک ورما سے کچھ گفتگو کرتے ہیں، جس کے بعد وہ دوسری جانب جانے لگتے ہیں۔ اسی دوران وہ اچانک امپائر کی طرف مڑتے ہیں اور ان سے ٹکرا جاتے ہیں۔
ٹکر کے نتیجے میں امپائر کے قریب موجود بھارتی بولر کی ٹوپی اور چشمہ بھی زمین پر گر جاتے ہیں۔ ویبھو سوریاونشی فوری طور پر دونوں چیزیں اٹھا کر امپائر کو واپس کر دیتے ہیں۔واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی ہے۔ بعض کرکٹ شائقین کا خیال ہے کہ نوجوان بیٹر نے جان بوجھ کر امپائر کو ٹکر ماری، جبکہ دیگر صارفین اسے غیر ارادی واقعہ قرار دے رہے ہیں۔