لاڑکانہ اور شکارپور میں خاندانی دشمنی کے مختلف واقعات میں فائرنگ سے مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شکارپور کے علاقے پیر جلیل میں پرانی دشمنی کے باعث دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایس ایس پی کلیم ملک نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب لاڑکانہ کے ماہوٹا علاقے میں واقع ایک نجی ہاؤسنگ کالونی میں مخالفین نے پرانی دشمنی کی بنا پر گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بھائی، ان کی بہن اور بھابھی شامل ہیں، جبکہ گھر کا مالک اور اس کی 4 سالہ نواسی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ دونوں واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔