شکارپور میں گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ، 5 افراد جاں بحق

شکارپور میں گھر پر راکٹ لانچر سے حملہ، 5 افراد جاں بحق

شکارپور کے نواحی علاقے ٹاؤن چک کے قریب گوٹھ بیچانجی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

 بڈانی قبائل کے مسلح افراد نے شرقی قبائلی دشمنی کے نتیجے میں ایک گھر پر حملہ کیا، جس کے دوران حملہ آوروں نے گھر کو گھیرے میں لے کر راکٹ لانچر سے فائرنگ کی۔ اس واقعہ میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں گھر کے مالک عبدالخالق شر، اس کے دو بیٹے خالد شر اور راجا شر، بھائی عبدالستار شر اور مہمان عبدالجبار شر شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ دیرینہ قبائلی دشمنی کا نتیجہ ہے۔لاشیں ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں۔ علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر روانہ کی اور ملوث ملزمان کا تعاقب کرنے کا حکم دیا۔

ایس ایس پی کے قیادت میں پولیس نے وڈو بڈانی جتوئی گینگ کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ اس دوران، ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ملزمان شر برداری کے 5 افراد پر حملے اور قتل کی واردات میں ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو قانون کے حوالے کرنے کا پیغام دیا گیا ہے، ورنہ ان کا انجام بھی یہی ہوگا۔ایس ایس پی نے کہا کہ قبائلی تکرار کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا مقصد ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنا اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنا ہے۔