لاڑکانہ: سول لائن تھانے کی حدود لاہوری محلے میں موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مسلح حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے کار کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب فائرنگ کے واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مبینہ طور پر حملہ آوروں کو فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس ویڈیو اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے لاڑکانہ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی تحقیقات اور علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔