سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے میں پیر کی صبح افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 16 سالہ لڑکے اخلاق ولد گلاب کو قتل کر دیا۔ واقعہ سیفل گوٹھ اور گودھرا کے سنگم پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول اخلاق نورخان گوٹھ (سہراب گوٹھ تھانے کی حدود) میں اپنے چچا کے گھر رہائش پذیر تھا، جب کہ اس کا آبائی تعلق گھوٹکی سے تھا۔ مقتول ایک پاپڑ فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور صبح تقریباً 8 بجے کام پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے اسے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔پولیس کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی ضیاء نے بتایا کہ اخلاق کو گردن، کنپٹی اور چہرے پر تین گولیاں لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جائے وقوعہ سے پولیس نے 30 بور پستول کے تین خول برآمد کر لیے ہیں اور انہیں تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ مقتول کے اہل خانہ نے بتایا کہ ان کی آبائی گاؤں میں پرانی دشمنی چلی آ رہی ہے جو اب شہر میں خونریزی کا سبب بنی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔