پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا عزم ‘ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی دی جائیگی مریم نواز

ریلوے سٹیشن اور بس اڈوں پر بھی مسافر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں‘ویکسی نیشن مہم کی بھر پو رمانیٹرنگ کی جائے
 بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے اینٹی پولیو ویکسینیشن ضروری ہے‘شہری پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں:وزیراعلی پنجاب

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبہ میں جاری ویکسینیشن مہم کے دوران پولیو ٹیموں کا تحفظ یقینی بنانے کا حکم دیا اور پولیس اور انتظامیہ کو پولیوورکرز کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا  پولیو کے خاتمے کے جہاد میں شریک ورکرز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین کیا اور مزید محنت کی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کی اپیل کی اور کہا  بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے اینٹی پولیو ویکسینیشن بہت ضروری ہے۔ پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔ صوبے کے تمام انٹری پوائنٹس پر موثر ویکسینیشن کمپین یقینی بنانا ضروری ہے۔  ریلوے سٹیشن اور بس اڈوں پر بھی مسافر بچوں کی انسدادپولیو ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔ صوبے کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو ویکسینیشن مہم کی بھر پو رمانیٹرنگ کی جائے۔ تمام اضلاع میں جاری ویکسنیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چینج ٹرانسپورٹیشن یقینی بنائی جائے۔ پولیو وائر س کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کے لئے بھرپور اور مؤثر پلاننگ ضروری ہے۔  لاہور سمیت دیگر شہروں میں ہسپتالوں اور نمایاں مقامات پر انسدادپولیو ویکسینیشن کیلئے خصوصی کیمپ لگائے گئے ہیں۔