چوری میں ملوث گھریلو ملازم سمیت 3ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈیفنس سی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی چوری میں ملوث گھریلو ملازم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون صائمہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں گھر سے قیمتی سامان اور نقدی چوری ہونے کی شکایت کی گئی تھی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی کینٹ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس پر ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد اشرف نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گھریلو ملازم اعجاز، منورہ اور حمزہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ چوری شدہ مال کی برآمدگی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔