سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ، قصور میں کارروائی کے دوران گرفتاریاں ہوئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) شالیمار پولیس نے مویشی چوری کی واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ بھینس بر آمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل چائنہ اسکیم سے بھینس چوری کی اور اسے پک اَپ گاڑی میں لاد کر قصور فرار ہوگئے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا اور پولیس نے قصور میں کارروائی کرتے ہوئے غلام عباس کو پستول سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر رفیع کے ڈیرے سے چوری شدہ بھینس بر آمد کرلی۔ گرفتار ملزمان میں خلیل، غلام عباس اور رفیع شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش پہلے بھی ایک وچھا چوری کرکے فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔