پتنگ بازی اور فروخت میں ملوث دو ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) جوہر ٹاؤن پولیس نے پتنگ بازی اور پتنگوں کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر مدثر کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر جٹ چوک جوہر ٹاؤن میں کارروائی کی گئی جہاں ملزمان آن لائن آرڈرز پر پتنگیں سپلائی کرنے آئے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان محمد عادل اور علی گوہر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے متعدد پتنگیں اور کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں۔ برآمد شدہ سامان قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے اور شہری قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔