چھریوں ، ڈنڈے سے حملہ ، زخمی شہری چل بسا

 لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے سندر کے گاؤں خود پور میں ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ، چھریوں اور ڈنڈوں کے وار سے زخمی ہونے والا شہری جاوید ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ایک خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں جاوید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ 9 نامزد اور 10 نامعلوم افراد سمیت مجموعی طور پر 19 ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں ملک امین، فیصل، بوٹا اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جاوید کی ہلاکت کے بعد ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔