ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کر تے ہوئے ملزموں سنی اور ہنی مسیح کو پکڑ لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے 15 کال پر بروقت ریسپانس سے جانی نقصان کا اندیشہ ٹال دیا۔ فیکٹری ایریا میں نشے میں دھت ہو کر چھریوں کے وار سے پڑوسیوں کو زخمی کرنے والے 2 ملزمان سنی اور ہنی مسیح کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان شراب کے نشے میں شورو غوغا کر رہے تھے، اہلِ محلہ نے منع کیا تو طیش میں آکر چھریوں سے اسلم اور آصف کو زخمی کر دیا۔ ملزمان فرار ہونے لگے مگر ڈولفن ٹیم نے موقع پر پہنچ کر قابو پا لیا۔ زخمیوں کو پولیس کی نگرانی میں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے چھری و خنجر برآمد کر لیے گئے، دونوں ریکارڈ یافتہ نکلے۔ مزید کارروائی کیلئے تھانہ فیکٹری ایریا کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے بروقت کارروائی پر ڈولفن ٹیم کو شاباش دی۔