اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی اور دیگر حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا
اسلام آباد: ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز نے حج کے بعد کے فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت پاکستانی حجاج کرام کا پہلا گروپ سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گیا ہے۔پی آئی اے نے دسیوں ہزار زائرین کو واپس لانے کے لیے ایک ماہ طویل آپریشن شروع کیا ہے، اس آپریشن کے تحت پاکستانی حجاج کو سعودی شہروں جدہ اور مدینہ سے پاکستان کے مختلف شہروں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ پی آئی اے نے اپنے بعد از حج آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، اس آپریشن کے تحت حج کی پہلی پرواز زائرین کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ایئرلائن کے مطابق پرواز PK742 جدہ سے 114 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی اور دیگر حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔