پی آئی اے کا 4ساڑھے سال بعد یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال دنیا میں کھویا مقام حاصل کرینگے:خواجہ آصف

اسلام آباد ایئر پورٹ سے پہلی پرواز323مسافروں کو لے کر پیرس چلی گئی‘ طیارے کی تمام نشستیں بک تھیں‘برطانیہ،یوایس اے کیلئے بھی پروازوں کا اجرا ء ہوگا

ماضی میںو زیر ہوا بازی کے بیان سے بہت بڑی تباہی آئی‘ عالمی معیار پر پورا اترنے پر فخر ہے‘  کوشش کرینگے پی آئی اے کی جلد نجکاری ہو  اور دیگر کمرشل ایئرلائنز کی طرح مقابلہ ہو:وزیردفاع

اسلام آباد(آئی این پی)قومی ائرلائن کی ساڑھے 4 سال کے بعد یورپ کے لیے پہلی پرواز   مسافروں کو لے کر پیرس روانہ ہو گئی۔تفصیلات  کے مطابق 4 برس کے بعد یورپ کے لیے پی آئی اے کا آپریشن شروع ہوگیا، جس کی پہلی ہی پرواز پر مسافروں کا  رش دیکھنے میں آیا اور طیارے کی تمام 323نشستیں بک تھیں۔پی آئی اے کے بوئنگ 777  کو اسلام آباد ائرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں پی کے 749 پرواز 12 بجے پیرس کے لیے روانہ ہو گئی۔ وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے پرواز کا افتتاح کیا۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس ،اٹلی ، ناروے اور اسپین میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔ اب سبز ہلالی پرچم یورپ کی فضائوں میں لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو زیادہ دیر نہیں لگے گی ۔ کوشش کریں گے جلد نجکاری ہو جائے اور دیگر کمرشل ائرلائنز کی طرح مقابلہ ہو۔انہوں نے کہا  ماضی میں اسمبلی فلور پر وزیر ہوا بازی کے بیان سے بہت بڑی تباہی آئی، پورے ساڑھے 4 سال ہمارے اوورسیز پاکستانی ڈائریکٹ یہاں نہیں آسکتے تھے، انہیں دبئی،دوحہ ، ابوظہبی یا کہیں اور سے فلائٹ لیکر پاکستان آنا پڑتا تھا،سفر بھی مہنگا  ہوگیا تھا، رقم بھی زیادہ دینی پڑتی تھی۔، آئندہ دنوں میں برطانیہ،یوایس اے کیلئے بھی پروازوں کا اجرا ء￿ ہوگا، پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔