زلزلوں کے بعد وینزویلا میں آسمان سرخ، شہری خوف و ہراس میں مبتلا، ویڈیوز وائرل

زلزلوں کے بعد وینزویلا میں آسمان سرخ، شہری خوف و ہراس میں مبتلا، ویڈیوز وائرل

کاراکاس: وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف علاقوں میں آسمان اچانک گہرے سرخ اور نارنجی رنگ میں تبدیل ہوگیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔

اس غیر معمولی منظر نے شہریوں میں خوف، حیرت اور مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔ بعض افراد نے اسے کسی ممکنہ قدرتی آفت یا غیر معمولی واقعے کی علامت قرار دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف افواہیں بھی گردش کرتی رہیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وینزویلا پہلے ہی حالیہ زلزلوں کے بعد بحالی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، جس کے باعث عوامی حساسیت مزید بڑھ گئی ہے۔تاہم ماہرین نے ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ایک قدرتی فضائی مظہر ہے جسے مقامی طور پر “کاندیلازو” کہا جاتا ہے۔ ان کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت سورج کی روشنی جب فضا میں موجود گرد، باریک ذرات اور صحرائی گردوغبار سے گزرتی ہے تو روشنی کے بکھراؤ کے باعث آسمان سرخ اور نارنجی نظر آتا ہے، جسے سائنسی طور پر رے لی اسکیٹرنگ کہا جاتا ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ اس مظہر کا حالیہ زلزلوں سے کوئی براہِ راست سائنسی تعلق ثابت نہیں ہوا، تاہم فضاء میں ذرات کی مقدار بڑھنے سے رنگ زیادہ واضح دکھائی دے سکتا ہے۔واضح رہے کہ وینزویلا پہلے ہی زلزلوں کے باعث جانی و مالی نقصان سے دوچار ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایسے میں آسمان کے اس غیر معمولی رنگ نے عوامی توجہ مزید بڑھا دی ہے، تاہم سائنس دانوں نے عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے اور مستند معلومات پر انحصار کرنے کی اپیل کی ہے۔