بھارت میں طوفان کے دوران آسمان گہرے سرخ رنگ میں تبدیل، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

بھارت میں طوفان کے دوران آسمان گہرے سرخ رنگ میں تبدیل، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

نئی دہلی: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع دانتے واڑہ کے علاقے کراندول میں آسمان کا غیر معمولی طور پر گہرا سرخ رنگ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حیران کن منظر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سمندری طوفان ’ارنب‘ کے اثرات کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور ابر آلود موسم کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹس کے مطابق آسمان کا رنگ سرخ اس وقت دکھائی دیا جب طوفان آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اندرونِ ملک کی جانب بڑھ رہا تھا۔ بدھ کے روز ریاستی دارالحکومت رائے پور سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جبکہ ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کے باعث موسم بھی خوشگوار مگر غیر معمولی طور پر خراب رہا۔خراب موسمی حالات اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر حکام نے متاثرہ اضلاع میں جمعرات 29 اکتوبر کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان بھی کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کراندول کا آسمان گہرے سرخ رنگ میں ڈوبا ہوا دکھائی دیتا ہے، جسے دیکھ کر شہری حیران رہ گئے۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے اس غیر معمولی منظر کو سمندری طوفان کے باعث فضا میں ہونے والی تبدیلیوں سے جوڑا ہے، تاہم آسمان کے سرخ ہونے کی اصل وجہ کی تاحال آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ماہرین کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث فضا میں گردوغبار، ریت اور سرخ آئرن پر مشتمل مٹی کے باریک ذرات پھیل سکتے ہیں، جو سورج کی روشنی کے انعکاس اور بکھراؤ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس عمل کے نتیجے میں آسمان معمول سے زیادہ سرخی مائل یا گہرا سرخ دکھائی دے سکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ جھکڑوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔دنیا کے دیگر حصوں میں بھی شدید موسمی حالات کے دوران آسمان کے سرخ دکھائی دینے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، خصوصاً آسٹریلیا میں بعض طوفانوں سے قبل ایسے مناظر دیکھے گئے ہیں۔