پاکستانی اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے سیاحتی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے صفائی کا خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ان دنوں جگن کاظم اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ نتھیا گلی کی سیر پر ہیں۔ انہوں نے سفر کے دوران ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں نتھیا گلی کے خوبصورت قدرتی مقامات پر پھیلی گندگی پر افسوس کا اظہار کیا۔اداکارہ نے سیاحوں اور مقامی افراد سے درخواست کی کہ پکنک کے بعد کچرا کھلی جگہوں پر پھینکنے کے بجائے مناسب طریقے سے تلف کریں۔ویڈیو میں انہوں نے کہا، "یہ کیا ہو رہا ہے؟ لوگ ہر جگہ کچرا پھیلا رہے ہیں۔ میں جب سے نتھیا گلی آئی ہوں، ہر طرف گندگی ہی نظر آ رہی ہے۔ آخر لوگ اپنے ساتھ ایک تھیلا کیوں نہیں رکھتے تاکہ اپنا کچرا اس میں جمع کریں اور مناسب جگہ پر جا کر پھینکیں؟"جگن کاظم نے مزید کہا کہ وہ عموماً اس انداز میں بات نہیں کرتیں، لیکن یہ صورتحال ناقابلِ برداشت ہے۔ ان کے مطابق ہم اکثر اپنے ملک، نظام اور حالات پر تنقید کرتے ہیں، مگر اپنے حصے کی ذمہ داری پوری نہیں کرتے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماحول اور قدرتی حسن کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی ایک بڑی وجہ بھی ماحول سے ہماری یہی غفلت ہے۔سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ماحول کے تحفظ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے پر جگن کاظم کی تعریف کی، جبکہ بعض صارفین نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوامی مقامات پر زیادہ تعداد میں ڈسٹ بنز نصب کرے تاکہ صفائی برقرار رکھنے میں شہریوں کو سہولت مل سکے۔