فیصل قریشی لائیو شو میں مداح کے سوال پر برہم، سوشل میڈیا پر ردعمل دو حصوں میں بٹ گیا

فیصل قریشی لائیو شو میں مداح کے سوال پر برہم، سوشل میڈیا پر ردعمل دو حصوں میں بٹ گیا

ویب ڈیسک: معروف اداکار فیصل قریشی حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے لائیو شو میں اپنی نئی فلم دیمک کی پروموشن کے لیے شریک ہوئے، جہاں مداح کے ایک سوال پر ان کا سخت ردِعمل سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

شو کے دوران سوال جواب کے سیشن میں ایک خاتون ناظر نے پاکستانی ڈراموں کی یکساں اور روایتی "ساس بہو" کہانیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے دریافت کیا کہ فلم دیمک ان سے کس طرح مختلف ہے؟ اس سوال پر فیصل قریشی غصے میں آ گئے اور کہا:"کون سے ڈرامے ایک جیسے ہوتے ہیں؟ آپ نام بتائیں۔ پچھلے تین سالوں سے ہم مختلف کہانیاں دکھا رہے ہیں۔ خائی مختلف تھا، عشق مرشد مختلف تھا، کابلی پلاو، بہروپیا، دنیاپور، فرار، سراب اور راجا رانی، یہ سب ساس بہو کی کہانیوں سے مختلف ہیں۔ ہم کب ایک جیسے ڈرامے بنا رہے ہیں؟"
اداکار کے اس اندازِ گفتگو پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں واقعی تنوع آیا ہے اور فنکاروں کو دفاع کا حق ہے، جبکہ دیگر نے فیصل قریشی کے انداز کو "جارحانہ" اور "غیر پیشہ ورانہ" قرار دیا۔یاد رہے کہ فیصل قریشی کی فلم دیمک عید الاضحی پر ریلیز ہوئی تھی اور اسے نہ صرف باکس آفس پر مثبت ردعمل ملا بلکہ شائقین نے اس کی کہانی اور ہارر تھیم کو بھی خوب سراہا۔