شمالی علاقہ جات اللہ کی نعمت ہیں، صفائی کا خیال نہیں رکھا جاتا:اداکارہ  ندا یاسر

شمالی علاقہ جات اللہ کی نعمت ہیں، صفائی کا خیال نہیں رکھا جاتا:اداکارہ  ندا یاسر

اداکارہ  ندا یاسر نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں صفائی کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ندا یاسر حال ہی میں اپنی بہنوں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے شمالی علاقوں کی سیر پر گئیں، جہاں مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔ بعد ازاں اپنے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وہاں صفائی کی ابتر صورتحال کو افسوس ناک قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض مقامات پر کچرے اور آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ندا یاسر نے بتایا کہ پہاڑی راستوں اور سیاحتی مقامات پر پلاسٹک کی بوتلیں، چپس کے پیکٹس، ریپرز اور دیگر کچرا بکھرا ہوا دیکھا گیا، جبکہ مری سمیت متعدد علاقوں میں بھی اسی طرح کی صورتحال سامنے آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض مقامات پر کوڑے دان کی عدم موجودگی بھی محسوس ہوئی، جس کے باعث لوگ کچرا کھلے عام پھینک دیتے ہیں۔ ان کے مطابق کھانے پینے کے بعد بچا ہوا کھانا بھی مناسب طریقے سے تلف نہیں کیا جاتا۔اداکارہ نے عوام سے اپیل کی کہ سیاحتی مقامات کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ پاکستان کے قدرتی حسن سے بھرپور یہ علاقے صاف، محفوظ اور سیاحت کے لیے بہتر رہ سکیں۔