ایس ای سی پی اصلاحات کے ثمرات، پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ گیا

ایس ای سی پی اصلاحات کے ثمرات، پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ گیا

ایس ای سی پی کی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے، جبکہ 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران 9 کمپنیوں نے ابتدائی عوامی پیشکشوں (آئی پی اوز) کے ذریعے 20 ارب روپے سے زائد سرمایہ حاصل کیا۔

شیئرز جاری کرنے والی کمپنیوں کا تعلق مینوفیکچرنگ، پیٹرولیم، ڈیری، اسلامی مالیات، پولٹری، رئیل اسٹیٹ، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں سے ہے۔ ایس ای سی پی کی اصلاحات کے باعث کمپنیوں کے لیے سرمایہ حاصل کرنے اور اسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کا عمل مزید آسان بنایا گیا ہے۔پاکستان اور چین کی مشترکہ کمپنی سروس لانگ مارچ ٹائرز نے جدید کار ٹائر بنانے کا پلانٹ قائم کرنے کے لیے 7.8 ارب روپے کا سرمایہ اکٹھا کیا۔ستارہ پیٹرولیم نے 4.83 ارب روپے حاصل کیے، جنہیں آئل اسٹوریج، فیول اسٹیشنز اور لاجسٹکس نیٹ ورک کی توسیع پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ غنی ڈیریز نے 3.4 ارب روپے جمع کرکے مویشی پالنے، جدید زرعی سہولیات اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی پہلی لسٹڈ کمپنی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان قطر تکافل کے آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی ملی، جہاں متوقع حجم سے 21 گنا زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں اور 13 ہزار سے زائد سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔

وحدت پولٹری نے تقریباً ایک ارب روپے اکٹھے کیے، جن سے پولٹری فارم کی توسیع اور پراسیسڈ انڈوں کی پیداوار کے منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دو نئے ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس کے ذریعے عوام کے لیے ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات سرمایہ کاری، کاروباری ترقی اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔