معیشت مستحکم، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا:وزیر خزانہ

معیشت مستحکم، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا:وزیر خزانہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری معیشت کے استحکام اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے گرین سکوک بانڈ کے اجراء کی تقریب میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آج پاکستان کا پہلا ڈومیسٹک سکوک بانڈ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی اسلامک قرضوں کا حجم 14 فیصد بڑھ گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان یوم تشکر جوش و جذبے سے منا رہا ہے اور سیز فائر کے بعد اسٹاک ایکس چینج نے نئی بلندیاں چھو لی ہیں۔محمد اورنگزیب نے واشنگٹن اور لندن میں سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا پاکستان کے مائیکرو اکنامک استحکام سے مطمئن ہے اور توقع کر رہی ہے کہ پاکستان ٹیکسوں میں اضافہ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، قومی اداروں کی رائیٹ سائزنگ اور دیگر پالیسی اقدامات کو جاری رکھے گا۔

انہوں نے بجٹ پر کام جاری ہونے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کو ملائیشیا کے ماڈل کو اپنانا ہوگا۔وزیر خزانہ نے ماحولیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فنانسنگ پر کام ہو رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ ماحول اور بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کے اہم مسائل ہیں اور اس مقصد کے لیے گرین سکوک بانڈ متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ پانڈا بانڈ کا اجراء بھی جلد متوقع ہے۔