اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان کی عالمی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا گیا۔ عالمی مالیاتی قیادت نے پاکستان کی پالیسی اصلاحات اور معاشی نظم و ضبط کو مثبت قرار دیا۔ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے کہا کہ پاکستان اصلاحاتی اقدامات اور بڑھتے ہوئے مارکیٹ اعتماد کے باعث اقتصادی تبدیلی کے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ فورم کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اہم اعلانات بھی کیے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے وفد کے دورۂ ڈیوس 2026 کے دوران عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اہم اعلانات سامنے آئے۔ ان میں نیسلے نے پاکستان میں مزید 17 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا اور پاکستان کو ایک علاقائی ایکسپورٹ ہب بنانے کا ارادہ ظاہر کیا، جہاں سے 26 ممالک کو برآمدات کی جائیں گی۔