ڈاکے ، چوریاں ، لاہورئیے جگہ جگہ لٹتے رہے

متعدد علاقوں میں نقدی، موبائل، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چھیننے، چوری کرنے کی وارداتیں 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مانگا منڈی میں حفیظ سے 3 لاکھ 55 ہزار روپے اور موبائل فون، اسلام پورہ میں عامر سے 3 لاکھ 35 ہزار روپے اور موبائل فون، نصیر آباد میں شہاب الدین سے 3 لاکھ 25 ہزار روپے اور موبائل فون، شالیمار میں کرامت سے 3 لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون، جبکہ نواب ٹاؤن میں اسلم سے 3 لاکھ روپے، موبائل فون اور دیگر سامان چھین لیا گیا۔ علاوہ ازیں شادباغ اور ستوکتلہ کے علاقوں سے گاڑیاں جبکہ نشتر کالونی، لاری اڈا اور فیصل ٹاؤن سے موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ پولیس نے متاثرہ شہریوں کی درخواستوں پر مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔