لاہور (کرائم رپورٹر) سیف سٹی کے تحت قائم ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی "میرا پیارا" ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل کاوشوں کے ذریعے 182 گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے اہل خانہ سے ملا دیا۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق ٹیم نے کراچی کے ایدھی ہومز کا دورہ کرکے 800 سے زائد گمشدہ، لاوارث اور خصوصی افراد کا ڈیٹا، تصاویر، انٹرویوز اور بائیومیٹرک معلومات حاصل کر کے انہیں "میرا پیارا" سسٹم میں شامل کیا۔ بائیومیٹرک ویریفیکیشن، فیشل ریکگنیشن، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور مینوئل ٹریسنگ کی مدد سے شناختی عمل مکمل کیا گیا، جس کے بعد تین ہفتوں کی مسلسل محنت سے 182 افراد کے اہل خانہ کا سراغ لگا کر قانونی کارروائی کے بعد انہیں ان کے پیاروں کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق "میرا پیارا" ٹیم اب تک 77 ہزار سے زائد گمشدہ، لاوارث بچوں اور خصوصی افراد کو ان کے خاندانوں سے ملوا چکی ہے۔