کراچی(سپورٹس ڈیسک)میئرکراچی مرتضی وہاب نے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی پسندیدہ ٹیم کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ برازیل میری پسندیدہ ٹیم تھی لیکن اب میری فیورٹ ٹیم ارجنٹائن ہے۔تفصیل کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے لیاری انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹان چیئرمین کے ہمراہ فیفا ورلڈ کپ کا میچ لائیو دیکھا اور میڈیا سے گفتگو کی۔اس موقع پر میئر کراچی نے اس انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم کا افتتاح چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا تھا، جہاں ورلڈ کپ کے میچز عوام کو لائیو دکھائے جاتے ہیں۔انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا "یہ پیغام مودی کو دیا گیا ہے کہ لیاری کے خلاف منفی فلم بنا کر جو جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا تھا، وہ مکمل طور پر فیل ہو چکا ہے، لیاری کے عوام فٹبال سے محبت کرنے والے اور انتہائی پرامن لوگ ہیں۔انہوں نے ماضی کے ہیرو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی لیاری کے حسین شاہ نے باکسنگ میں ملک کے لیے میڈل جیتا تھا، وہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران دوسری بار یہاں آئے ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو کی خاص ہدایت تھی کہ آج برازیل کے میچ میں وہ لیاری کے عوام کے درمیان موجود رہیں۔فیفا ورلڈ کپ میں اپنی پسندیدہ ٹیموں کا ذکر کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ برازیل ان کی پسندیدہ ٹیم تھی لیکن اب ارجنٹائن فیورٹ ہے؛ میراڈونا کی وجہ سے ارجنٹائن پسند ہے جبکہ ان کے بچوں کو میسی پسند ہے۔میئر کراچی نے بلدیاتی بجٹ کے حوالے سے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر کو بات کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا لیکن انہوں نے بجٹ کے سوا ہر چیز پر گفتگو کی۔انہوں نے واضح کیا کہ سٹی کونسل میں 30 سے 35 لوگوں نے بجٹ کے خلاف جبکہ باقی تمام ارکان نے بجٹ کے حق میں ووٹ دیا، جس سے بجٹ کثرت رائے سے منظور ہوا۔مرتضی وہاب نے نوجوانوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو نوجوان فٹبال، کرکٹ اور ہاکی کھیلتے ہیں، ان کے لیے کے ایم سیکی جانب سے اعزازیہ مقرر کیا جائے گا، اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی وزارتِ کھیل سے بھی بات کروں گا تاکہ کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا سکے۔