فیفا ورلڈکپ، امریکہ میں ارجنٹائن ٹیم کی سخت تلاشی، میسی حیران پریشان ہنستے رہے

میامی(سپورٹس ڈیسک )فیفا ورلڈ کپ 2026کے دوران امریکہ میں بعض اسٹار کھلاڑیوں سمیت مختلف ٹیموں کی مجرمانہ انداز میں تلاشی پر سوالات اٹھ کھڑے ہوگئے ۔امریکہ کے مختلف ایئرپورٹس کی کئی ویڈیوز وائرل ہوئیں جس میں سینیگال، ازبکستان اور جرمن ٹیم کو سخت تلاشی کے عمل سے گزرتے ہوئے دیکھا گیا۔اس کے علاوہ عراق اور ایران کی ٹیم کو بھی ایئرپورٹ پر امیگریشن مسائل کا سامنا رہا، بعض کھلاڑیوں کو گھنٹوں تک پوچھ گچھ کے عمل سے گزرنا پڑا جبکہ سپورٹ اسٹاف کے کئی ممبران کو ڈی پورٹ بھی کیا گیا۔سب سے پہلے سینیگال ٹیم کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں سینیگال کے کھلاڑیوں کو ٹیم کی جرسیوں میں ہوائی اڈے کے رن وے پر اپنے سامان کے قریب کھڑا دیکھا جا سکتا ہے جہاں سیکیورٹی اہلکار ان کی جانچ پڑتال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی کھلاڑیوں کے ٹرمینل میں داخل ہونے سے قبل کی گئی تھی۔اسی طرح ازبکستان کی ٹیم کی نیدرلینڈز کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے آمد کے موقع پر سراغ رساں کتوں اور جدید سیکیورٹی آلات کے ذریعے تلاشی لی گئی۔طاقتور ترین یورپی ملک جرمنی کی ٹیم بھی امریکی امیگریشن حکام کی سخت سیکیورٹی جانچ سے نہ بچ سکی۔