ایک طرف ہمارے لوگوں کو سزائیں دی جارہی ہیں دوسری طرف مذاکرات کی پیشکش ہورہی ہے، مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی
ملاقاتیں ہونی چاہئیں، بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی بھی ملاقات ہونی چاہیے مگر 36 ہفتے گزر گئے ملاقات نہیں ہوئی : میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے حکومت کو مذاکرات کے لیے ماحول بنانا ہوگا ایک طرف ہمارے لوگوں کو سزائیں ہو رہی ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات ہو رہی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے۔داہگل ناکے کے قریب روکے جانے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، وزیراعظم نے اسمبلی کے فلور پر مذاکرات کی دعوت دی ہے، ہم نے بھی کہا کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی طریقے سے نکالا جائے لیکن حکومت کو مذاکرات کے لیے ماحول بنانا ہوگا ایک طرف ہمارے لوگوں کو سزائیں ہو رہی ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہے بشری بی بی کی فیملی کی ملاقات ہوجائے، ملاقاتیں ہونی چاہئیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فیملی کی بھی ملاقات ہونی چاہیے مگر 36 ہفتے گزر گئے ملاقات نہیں ہوئی یہ عمل باعث تشویش ہے۔