آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی بھی کر سکتے ہیں:بیرسٹر گوہر نے عندیہ دیدیا

آزادکشمیر الیکشن،بائیکاٹ پر نظر ثانی بیرسٹر گوہر
 پی ٹی آئی کو آزاد جموں وکشمیر کے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور کیا گیا ،سخت فیصلہ ہمارے لئے بہت مشکل تھا،حکومت سے مذاکرات ابھی پیشکش کی حد تک ہیں،بہت اچھا ہوتا بات چیت ہوجاتی،ہاتھ ملا لیتے :چیئرمین پی ٹی آئی 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن بائیکاٹ جیسا سخت فیصلہ ہمارے لئے بہت مشکل تھا،ہمیں آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی بھی کر سکتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیانہوں نے مزید کہا کہ جب ایک پارٹی کو آزاد ماحول فراہم نہیں کیا جائے گا تو بائیکاٹ کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچتا، اس کی مثال گلگت بلتستان اور دیگر انتخابات عوام کے سامنے ہیں ، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی، اتحادیوں اور آزاد کشمیر کی پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آزاد جموں وکشمیر کے الیکشن کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور کیا گیا لیکن سیاست میں کوئی حرفِ آخر نہیں ہوتا ، ہمیں آزادانہ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو فیصلے پر نظرثانی بھی کر سکتے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ نہ کی جائے تو ہم آزاد کشمیر کے الیکشن میں حصہ لینے کا سوچ سکتے ہیں، حکومت سے مذاکرات ابھی پیشکش کی حد تک ہیں،بہت اچھا ہوتا بات چیت ہوجاتی،ہاتھ ملا لیتے ،سیاسی مسائل کا حل احسن طریقے سے ہونا چاہیے۔