سہیل آفریدی کو لاہور میں کافی پذیرائی ملی بیک ڈور رابطوں کا ماحول اس مرتبہ کچھ ٹھنڈا ہے بیرسٹر گوہر علی

بات چیت ہونی چاہیے اور چیزیں اچھی سمت میں آگے بڑھنی چاہئیں،سہیل آفریدی کو لاہور میں سکیورٹی نہ دینا افسوسناک بات ہے
راولپنڈی(آئی این پی)پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے  بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے اس مرتبہ ماحول کچھ ٹھنڈا ہے، بات چیت ہونی چاہیے اور چیزیں اچھی سمت میں آگے بڑھنی چاہئیں۔ اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انھوں نے کہاکہ  وزیراعلی سہیل آفریدی کو لاہور دورے کے دوران عوام کی کافی پذیرائی ملی، تاہم انہیں لاہور میں سکیورٹی نہ دینا افسوسناک بات ہے۔ وزیراعلی کے پی کو گاڑی میں بٹھا کر لے جایا گیا اور ایک چوک پر چھوڑ دیا گیا۔ سہیل آفریدی ایک صوبے کے وزیراعلی ہیں، پولیس کو ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھنا چاہیے تھا۔ ایک صوبے کے وزیراعلی کو ایسے ٹریٹ کرنے سے نفرتیں بڑھیں گی، وزیراعلی پنجاب اور پنجاب پولیس کو ایسے رویے پر معذرت کرنی چاہیے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیراعلی کو دوسرے صوبے میں سکیورٹی دینا صوبائی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی کو پولیس کی گاڑی میں ایک قدم بھی لے کر جانا تضحیک ہے، گزشتہ رات لاہور میں جو کچھ ہوا غلط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم پرامن ہیں اور ہمیشہ پرامن رہیں گے