سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد،10گرفتار

 فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے پر 8، واٹس ایپ پرشرانگیزی،2پکڑے گئے 
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس محرم الحرام کے تناظر میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف ان ایکشن ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض و نفرت انگیز مواد اَپ لوڈ کرنے کے جرم میں 9 مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے والے 10 قانون شکن گرفتار کر لئے گئے۔فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے پر 8 افراد کو گرفتارکیا گیا جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے قابل اعتراض مواد وائرل کرنے پر بھی 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سرگودھا، ساہیوال، لودھراں سے 2، 2، بھکر، خانیوال، راجن پور اور لیہ سے ایک ایک قانون شکن کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کے مرتکب عناصر کسی رعائت کے مستحق نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور قابل اعتراض مواد کی تشہیر کے مرتکب عناصر کی سرکوبی یقینی بنا رہی ہے۔