اعلیٰ سطحی پارلیمانی تبادلوں،مسلسل مکالمے کے فروغ میں مدد ملے گی:سید یوسف رضا گیلانی
کوالالمپور ( آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر تان سری دوتوک ڈاکٹر جوہری بن عبدل سے کوالالمپور میں اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں پارلیمانی، سیاسی اور معاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اعلیٰ سطحی پارلیمانی تبادلوں اور مسلسل مکالمے کے فروغ میں مدد ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے ملائیشیا کی جانب سے حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کے لیے فراہم کردہ امداد کا شکریہ بھی ادا کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔علاقائی اور عالمی صورتحال پر مشاورت اور باہمی تعاون کے حوالے سے گیلانی نے کہا کہ ان مسائل پر ملائیشیا کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ملائیشیا کو آسیان چیئرمین شپ اور 47ویں آسیان سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔پاکستان میں ملائیشین سرمایہ کاری اور بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کو انتہائی اہمیت دیتے ہوئے، چیئرمین سینیٹ نے ایس آئی ایف سی اور خصوصی اقتصادی زونز کے تحت سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کا اعلان کیا