سیاحت معیشت مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، یوسف رضا گیلانی

قدرتی، تاریخی ورثے کے تحفظ کے ساتھ بنیادی ڈھانچے کی بہتری ضروری ہے، چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد( آن لائن ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیاحت پاکستان کی تقدیر بدلنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، بلند پہاڑوں، سرسبز وادیوں، قدیم تہذیبوں اور تاریخی و ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے، جبکہ ملک میں چاروں موسم اپنی منفرد خوبصورتی کے ساتھ موجود ہیں، جو سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قدرتی اثاثہ ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سیاحت کا فروغ معاشی ترقی کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع، مقامی آبادی کی خوشحالی اور مختلف علاقوں کے درمیان بہتر روابط کا ذریعہ بن سکتا ہے۔