لاہور(کرائم رپورٹر ) ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر ناجائز اسلحہ، ہوائی فائرنگ اور منشیات کے خلاف پولیس نے مؤثر کارروائیاں کیں۔ نئے سال کا پہلا مقدمہ تھانہ باغبانپورہ پولیس کی جانب سے جبکہ سال کا آخری مقدمہ تھانہ ہربنس پورہ پولیس نے درج کیانیو ایئر نائٹ پر سرعام اسلحہ لہرانے اور اس کی نمائش کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم احسان کو تھانہ باغبانپورہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او باغبانپورہ انسپکٹر رضوان خان کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب تھانہ ہربنس پورہ پولیس نے ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے سال کا آخری مقدمہ درج کیا۔ ایس ایچ او ہربنس پورہ انسپکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ پر ناجائز اسلحہ، ہوائی فائرنگ، منشیات فروشی اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے عناصر کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے گا۔