چینی ،پٹرول ، گھی مہنگا نئے سال پر مہنگائی کا تحفہ
پرچون سطح پر درجہ اول آئل کی قیمت 9روپے اضافے سے 584روپے لٹر ہو گئی،50 کلو کاچینی تھیلا 6750 کاہوگیا،پٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 66 پیسے ڈیزل کی258 روپے 34 پیسے لٹر مقرر کردی گئی ، شہریوں میں تشویش کی لہر
لاہور( کرائم رپورٹر) چینی ،پٹرول ، گھی مہنگا کرکے حکومت نے عوام کو نئے سال کی آمد پر مہنگائی کا تحفہ دیدیا ،گھی کی قیمت میں 9 روپے اضافہ ، چینی 6 روپے کلو مہنگی ،پٹرول56پیسے،ڈیزل2روپے 96 پیسے مہنگا کردیا گیا 50کلوگرام چینی کا تھیلا 300 روپے تک مہنگا ہوگیا۔چینی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافہ ہونے سے 50 کلوگرام چینی کے تھیلے کی قیمت 6750 روپے تک پہنچ گئی۔ہول سیل مارکیٹ میں دکانداروں کو چینی 135 روپے کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مارکیٹ اور شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔پرچون سطح پر درجہ اول گھی اور آئل کی قیمت میں 9روپے کلو اضافہ ہو گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق پرچون سطح پر درجہ اول آئل کی قیمت 9روپے اضافے سے 584روپے لٹر ہو گئی جبکہ گھی کی قیمت بھی اسی تناسب سے اضافے پر 584روپے کلو ہو گئی۔ پانچ پیکٹ کے کاٹن کی قیمت میں45روپے اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 56 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 66 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 258 روپے 34 پیسے فی لٹر ہوگئی۔واضح رہے کہ 15 دسمبر کوحکومت کی جانب سے پٹرول قیمت برقرار جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کمی کی گئی تھی۔ وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، رات 12 بجے کے بعد نئی قیمتوں پر اطلاق ہو گیا۔