مہنگائی کا وار عوام کو45ارب کا بجلی جھٹکا
بجلی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے اضافیکا اطلاق ستمبر کے بلوں میں کیا جائے گا، ستمبر کا پہلا ہفتہ ،مہنگائی میں تیزی، پیاز سمیت 17اشیا مہنگی ، 7 سستی، پیاز ، ، آلو ، آٹا ، چکن مہنگا، لہسن،دال ماش کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں،کیلے ، دال مونگ، دال چنا ، چینی ، انڈے ، گڑ کی قیمت کم ہوئی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)ملک بھر کے صارفین کیلئے ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 58 پیسے مہنگی کر دی گئی، عوام پر 45ارب روپے کا بوجھ پڑے گا ۔نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے اضافیکا اطلاق ستمبر کے بلوں میں کیا جائے گا، جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کاصارفین پر 33 ارب روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہوگا۔سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ جاری کردیا گیا۔ نیپرا نے اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026 کیلئے ہوگا، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔نیپرا کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا صارفین پر 12 ارب67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ علاوہ ازیں حکومت نے پٹرول سستا جبکہ ڈیزل مزید مہنگا کر دیا۔جمعہ کو وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 3روپے 13 پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 345روپے 87 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3روپے 74پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 5 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتیں7ستمبر تک کیلئے ہونگی۔ رواں مالی سال کے تیسرے ماہ(ستمبر2026) کے پہلے ہفتے مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں اضافہ ہوگیا۔حالیہ ہفتے پھر ملک میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں0.65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی میں اضافے کی رفتار 8.32 فیصد رہی ۔ حالیہ ایک ہفتے میں میں 17اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 7 اشیا سستی اور 27 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے چکن 0.85، پیاز 26.30فیصد مہنگے ہوگئے جبکہ آلوکی قیمت میں 0.96 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں0.18فیصد،سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.13 فیصد،دال ماش کی قیمتوں میں0.67فیصد،پٹرول کی قیمت میں 0.90فیصد،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.09فیصد،آٹے کی قیمت میں0.88 فیصد اضافہ ہوا ۔ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں چینی کی قیمتوں میں 0.18فیصد،گڑ کی قیمتوں میں0.05 فیصد ، انڈوں کی قیمتوں میں 0.11فیصد،دال چنے کی قیمت میں0.6 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 0.69فیصد اور کیلے کی قیمت میں2.54 فیصد کمی واقع ہوئی۔