صارفین کیلئے32.70ارب کا بجلی جھٹکا تیار
عالمی مارکیٹ میں آرایل این جی سمیت تمام ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،پرنیپرا میں سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام کا موقف،ڈیزل کی نئی قیمت 400 روپے 67 پیسے فی لٹرمقرر کردی گئی ،پٹرول 377 روپے 91 پیسے لٹر برقرار
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے جس کے بعد صارفین پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پرنیپرا میں سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ عالمی مارکیٹ میں آرایل این جی سمیت تمام ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، سی پی پی اے نے ستمبرکی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔حکومت نے پٹرول کی فی لٹرلیٹر قیمت برقرار رکھی جب کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔پٹرولیم ڈویڑن نے30 اکتوبر کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں85 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 400 روپے 67 پیسے فی لٹرمقررکی گئی ہے،پٹرول کی فی لٹر قیمت 377 روپے 91 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔