اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چھوٹے طیاروں کو بڑے طیاروں کے اسٹینڈز پر پارک کرنے کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ فلائٹ پی اے231 (اے321-200) اور پی ایف769 (اے320-200) کو بالترتیب اسٹینڈ 06 اور 07 پر کامیابی سے پارک کیا گیا، جس دوران تمام ضروری سہولتیں بشمول پیسنجر برج اور گراؤنڈ پاور یونٹ فعال رہے۔اس اقدام سے ایئرپورٹ آپریشنز میں لچک بڑھے گی، ٹرن اراؤنڈ وقت کم ہوگا، مسافروں کی سہولت میں اضافہ ہوگا اور ایئرپورٹ کی آمدنی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ حالیہ برسوں میں ایئرپورٹ پر 9 میں سے 8 بڑے اسٹینڈز کو چھوٹے طیاروں کے لیے موزوں بنایا گیا ہے تاکہ آپریشنل کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔