سعودی عرب سے واپسی پر مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا

سعودی عرب سے واپسی پر مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی ضیاء الرحمٰن کو کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بیرون ملک سے آمد کے بعد روک لیا، تاہم اسلام آباد سے جواب موصول ہونے پر انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ضیاء الرحمٰن رات گئے سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے۔ وہ جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ پہنچے، جہاں امیگریشن حکام نے انہیں روک کر مزید معلومات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔اس دوران راشد محمود سومرو استقبال کے لیے آنے والے جے یو آئی کے درجنوں کارکنوں کے ہمراہ ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج کے باہر موجود رہے اور ضیاء الرحمٰن کی آمد کے منتظر تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امیگریشن حکام نے ضیاء الرحمٰن کے حوالے سے وزارت داخلہ کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا اور مزید کارروائی کے لیے اسلام آباد سے جواب طلب کیا۔حکام کی جانب سے جواب موصول ہونے تک ضیاء الرحمٰن کو ایئرپورٹ سے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بعدازاں اسلام آباد سے جواب موصول ہونے پر انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔