پنجاب میں انقرہ کے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی : مریم نواز

 ترکیہ ، پاکستان کا عظیم دوست اور برادر ملک، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں
وزیراعلیٰ پنجاب سے ترک قونصل جنرل درمش بستاغ کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اورمزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
 لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کو پاکستان کا عظیم دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں‘ پنجاب میں انقرہ کے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ مریم نو از سے ترکیہ قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران تجارت، تعلیم، صحت، زراعت، اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ترکیہ کو پاکستان کا عظیم دوست اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، ترکیہ بزنس کمیونٹی کے لیے ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ترک قونصل جنرل درمش بستاغ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔